0

طبی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تمام ہسپتالوں میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کا شیڈول جاری کر دیا

پنڈ دادن خان (بیورو چیف ملک ظہیر اعوان)ضلع جہلم میں طبی سہولیات کی بہتر فراہمی اور مسلسل نگرانی کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تمام ہسپتالوں میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کا شیڈول جاری کر دیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور اسسٹنٹ کمشنرز ہفتے کے ساتوں دن طبی سہولیات کی نگرانی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں طبی سہولیات کی بہتر فراہمی اور شہریوں کی شکایات کو دور کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو تمام ہسپتالوں کا نگران مقرر کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری ہونے والے آرڈر کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں ہسپتالوں کی انسپیکشن کے ذمہ دار ہوں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ہفتے میں دو دو دن ہسپتالوں میں جانے کے پابند ہوں گے، جہاں وہ شہریوں کو تمام قسم کی طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیں گے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر اپنے متعلقہ ہسپتالوں کا دورہ کریں گے اور شہریوں کی شکایات موقع پر دور کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پنجاب حکومت شہریوں کو تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، انتظامی افسران کو ہسپتالوں کی نگرانی اور انسپیکشن کے لیے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو بہت سہولت میسر ہوگی اور ان کی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ ممکن ہو سکے گا۔